سرسی، 7 / ستمبر (ایس او نیوز) پانی مانگنے کے بہانے ایک خاتون کےگلے سے سونے کا ہار اُڑاکر فرار ہونے کی واردات سرسی کے یلاپور ناکہ میں بدھ دوپہر کو پیش آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 60 گرام وزنی سونے کے ہار کی مالیت تقریباً تین لاکھ روپئے ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق بدھ دوپہر سابق رکن پارلیمان دیورایا نائک کے گھر پر ایک نامعلوم شخص نے دستک دی، دیورایا نائک کی اہلیہ گیتا نائک نے دروازہ کھولا تو نامعلوم شخص نے ان کے بیٹے ڈاکٹر ناگراج کے کے بارے میں دریافت کیا، جب گیتا نے یہ بتا کر دروازہ واپس بند کردیا کہ وہ گھر پر موجود نہیں ہے، نامعلوم شخص نے اس بات کا اندازہ لگاتے ہوئے کہ گھر پر ایک خاتون کے علاوہ کوئی اور موجود نہیں ہے، دوبارہ دروازہ کھٹکھٹایا اور پینے کے لئے پانی دینے کی درخواست کی، جب گیتا نے دوبارہ دروازہ کھولا تو اچانک لُٹیرے نے اس کے گلے سے سونے کا ہار کھینچ لیا اور چھین کر فرار ہوگیا۔
گیتا اس واقعے سے بُری طرح گھبراگئی اور فوراً سداپور سرکاری اسپتال میں خدمات انجام دے رہے اپنے بیٹے ڈاکٹر ناگ راج نائک کو واقعے کی جانکاری دی، جس نے پولس کو مطلع کیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے واردات پر پہنچ کر معائنہ کیا اور کیس درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ۔ سابق رکن پارلیمان کے گھر سے دن دہاڑے چوری کی اس واردات کے بعد عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ واضح رہے کہ منگل کو انکولہ میں بائک پر سوار دو لوگوں نے ایک راہ چلتی خاتون کے گلے سے سونے کا ہار اُڑاکر فرار ہوگئے تھے۔